کراچی (شوبز رپورٹر ) 39 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 نے اپنے 17 ویں دن میں شائقین کو رنگین ثقافتی سفر میں محو کر دیا۔ اس موقع پر ڈانس نائٹ 2.0، ورکشاپس، فلم شوز، اور تھیٹر پرفارمنسز پیش کی گئیں۔ڈانس نائٹ 2.0 میں بین الاقوامی اور مقامی فنکاروں کی شاندار پرفارمنسز شامل تھیں۔ ہانگ کانگ کی مشہور رقاصہ انیشا تھائی نے سوواپا کے طلبہ کے ساتھ پرفارم کیا، جبکہ فلپائن کی فوک ڈانس نے بھی شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ACP کلاسیکل فیوژن گروپ نے اپنی نفیس اور ہم آہنگ حرکات سے حاضرین کو محظوظ کیا اور فیسٹیول کو یادگار ثقافتی تقریب میں تبدیل کر دیا۔
دن کا آغاز انیشا تھائی کی ڈانس ورکشاپ سے ہوا، جس میں طلبہ نے مختلف رقص کے انداز سیکھے، جسمانی تاثرات کے ذریعے اظہار کیا اور اسٹیج پر ہم آہنگی اور موجودگی کے فن کو سمجھا۔
فیسٹیول میں مڈل ایسٹ شارٹس شوکیس بھی شامل تھا، جس میں ترکی، ایران، سوڈان، بحرین اور مصر کی پانچ مشہور شارٹ فلمیں پیش کی گئیں۔ علاوہ ازیں ناروے کی ساکی پروڈکشنز کی انگریزی تھیٹر پرفارمنس “Didn’t Know That About You” بھی پیش کی گئی، جسے ایلیزابت ٹاپپ نے ڈائریکٹ کیا۔اس موقع پر بین الاقوامی فنکار بھی شامل تھے جن میں بیلا رحیم (ملیشیا)، کیرن اور کرسٹوفر رائن اسٹاڈ ایگ سیٹ (ناروے)، اور ہجلمار (ڈنمارک) شامل تھے۔ فیسٹیول اپنے متنوع پروگراموں اور بین الاقوامی شرکت سے کراچی کے شائقین کو ثقافتی رنگینیوں سے بھرپور تجربہ فراہم کر رہا ہے۔



