لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسیز (واساز) کو ایک پلیٹ فارم اور یکساں پالیسی کے تحت آپریشنل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی کابینہ نے پنجاب واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی ایکٹ 2024 کے ترمیمی مسودے کی منظوری دے دی۔
نئے ایکٹ کے تحت صوبے میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے پنجاب واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (PWSA) قائم کی جائے گی، جو صوبے بھر میں پانی، صفائی اور سینیٹیشن سے متعلق تمام منصوبوں کی نگرانی کرے گی۔
اتھارٹی ایک چیئرپرسن، اراکین اور متعلقہ محکموں پر مشتمل بورڈ کے تحت کام کرے گی، جبکہ اسے پانی کی فیسوں، ٹیکسوں اور جرمانوں کا تعین کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔ ایکٹ کے تحت پانی کے ضیاع، غیر قانونی نکاسی اور معیارِ آب کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی عائد کیے جا سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کو ایک ہی پالیسی اور انتظامی ڈھانچے کے تحت لایا جائے گا۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور مؤثر سروس ڈیلیوری کے لیے نیا میکنزم متعارف کرایا جائے گا۔



