لاہور (اسٹاف رپورٹر )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان اور دیگر غیر ملکی شہریوں کے خلاف آپریشن پوری رفتار سے جاری ہے۔ صوبے بھر میں اس کریک ڈاؤن کو منظم، قانون کے مطابق اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔عظمٰی بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ویسل بلور میکانزم کے تحت شہریوں کو معلومات فراہم کرنے کی ترغیب دی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد نے درست اور قابلِ عمل معلومات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افغانیوں کی نشاندہی کرنے والے شہریوں کو نقد انعام دیا جائے گا جبکہ ویسل بلور کا نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 6 ہزار 220 غیر قانونی افغان شہریوں کو واپس ان کے ملک بھجوایا جا چکا ہے، اور یہ آپریشن آئندہ بھی موثر طریقے سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی کا عمل کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور حکومت اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔



