لاہور (پولیٹیکل رپورٹر )وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ علامہ اقبال ؒ نے قوم کی سمت متعین کی اورقائداعظم ؒ درماندہ قافلے کو منزل کی طرف لیکر چلے۔علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری سے نوجوانوں کیلئے بھی فکر انگیزپیغام دیا۔قوم کیلئے خوداری کادرس علامہ اقبال ؒ کا بہت بڑا احسان ہے۔ فلسفہ خود داری پر عمل علامہ اقبالؒسے اظہار محبت کا بہترین طریقہ ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ علامہ اقبالؒ کے افکارپر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان ایک اعتدال پسند اور فلاحی ریاست بنے گا۔علامہ اقبالؒ کی شاعری اورافکار پر عمل کرناہی ان کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ علامہ محمد اقبال ؒ نے اپنی فکرانگیز شاعری کے ذریعے خودداری، اعلیٰ اقدار، انصاف پسندی، صاف گوئی اورجمہوریت کا درس دیا۔علامہ اقبالؒ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں جو ہر زمانے کیلئے زندہ و پائندہ ہے۔ علامہ اقبالؒ کے تصور پاکستان کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہو کر آزادنہ، منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اقبالؒ کے فکر و فلسفہ کی حقیقی تعبیرسے ہی پاکستان سیاسی، معاشی، مذہبی اور معاشرتی لحاظ سے دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرے گا۔ آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔



