کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد کے لیے دستخطی مہم آج سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق یہ مہم 17 نومبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران شہریوں سے کراچی ماسٹر پلان سے متعلق آراء اور تجاویز لی جائیں گی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور تنظیمی ذمہ داران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی سطح پر ماسٹر پلان سے متعلق رائے عامہ حاصل کریں۔ اس سلسلے میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل وفد بزنس کمیونٹی، علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بنائے گئے تمام ماسٹر پلانز سندھ حکومت کی ویب سائٹ سے ہٹا دیے گئے، جب کہ مشرف دور میں 14 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا کراچی ماسٹر پلان 10 اکتوبر 2018 کو سپریم کورٹ کے حکم پر نوٹی فائی کیا گیا تھا۔
رہنماؤں کے مطابق دستخطی مہم کے دوران شہریوں سے حاصل کی گئی آراء اور تجاویز 2 دسمبر کو عدالت میں جمع کرائی جائیں گی۔ ایم کیو ایم پاکستان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد کے لیے آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔



