لاہور (ڈیپارٹمنٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور میں سموگ سے بچاؤ اور شہریوں کو بہتر فضائی ماحول فراہم کرنے کے لیے صفائی اور واشنگ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ شہر کی اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور عوامی مقامات پر پانی کا چھڑکاؤ مسلسل جاری ہے۔محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مطابق شاہدرہ، راوی پل، آزادی چوک اور سرکلر روڈ پر واشنگ ٹیمیں خصوصی طور پر تعینات کی گئی ہیں جو وقفے وقفے سے صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل مکمل کر رہی ہیں۔ اسی طرح ریلوے اسٹیشن، شالا مار گارڈن، جناح گارڈن، لاہور چڑیا گھر اور ریس کورس پارک کے اطراف بھی دھول کم کرنے کے لیے مسلسل اسپرے اور واشنگ کی جا رہی ہے۔شہر کی مرکزی شاہراہوں—مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ اور کینال روڈ—پر بھی سموگ کنٹرول پلان کے تحت باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں جوہر ٹاؤن، ایمپوریم مال، خیابانِ فردوسی، پائن ایونیو اور اڈا پلاٹ کے علاقوں میں بھی واشنگ آپریشن جاری ہے۔ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بابر صاحب دین نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی صفائی اور دھول مٹی کے تدارک کے لیے مسلسل پانی ڈالنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکام کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث سموگ میں اضافے کو روکنے کے لیے ان اقدامات کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ شہریوں کو سموگ فری ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور انداز میں سرگرمِ عمل ہیں۔



