سابق پاکستانی کرکٹ کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نئی اور اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے انہیں پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد اب پاکستان شاہینز اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے انتظامات دیکھیں گے۔ اس میں شامل ہے کہ وہ دونوں ٹیموں کے کوچز کے ساتھ مل کر ٹیموں کی تیاری، دوروں کی منصوبہ بندی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ سرفراز احمد کو ان ٹیموں کے ہمراہ مختلف دوروں میں شرکت کی بھی اجازت ہوگی، اور وہ پاکستان میں ہونے والی ٹریننگ سیشنز اور سیریز میں بھی شامل رہیں گے۔ یہ تبدیلی پی سی بی کی جانب سے ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد پاکستان کرکٹ کی مزید ترقی اور نکھار کے لیے نئی حکمت عملی کو فروغ دینا ہے۔



