لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب کابینہ نے شہریوں کے تحفظ، سمارٹ سکیورٹی سسٹم کے نفاذ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ’’اسمارٹ سیف سٹیز فیز ون‘‘ منصوبے کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ مجوزہ منصوبہ سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی پنجاب نے کابینہ اجلاس میں پیش کیا، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ منصوبے کے لیے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ سمیت صوبے کے بڑے شہروں میں جدید آئی پی این وی (IPNV) سائٹس کو اپ گریڈ کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کی حفاظت کے لیے جدید نگرانی اور مانیٹرنگ سسٹم مؤثر انداز میں کام کر سکیں۔
منصوبے میں ہائی ریزولوشن کیمروں، فیشل ریکگنیشن سسٹم اور گاڑیوں کی خودکار شناخت کے نظام (Automatic Number Plate Recognition) کی تنصیب شامل ہے۔اس جدید نظام کے ذریعے ٹریفک مینجمنٹ، ایمرجنسی رسپانس، اور کرائم کنٹرول میں نمایاں بہتری لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پولیس اور کنٹرول رومز کے درمیان فوری اور مؤثر رابطے کے لیے کمیونیکیشن نیٹ ورک کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا، تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق صوبے میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی محفوظ شہروں کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔



