لاہور(اسٹاف رپورٹر)سول سروسز اکیڈمی کے 60 رکنی وفد نے پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا جہاں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران سپیکر نے وفاقی و صوبائی سطح پر عوامی مسائل کے حل، قانون سازی کے طریقہ کار اور پارلیمانی نظام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بتایا کہ پنجاب کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کمیٹی سسٹم کو مکمل طور پر بااختیار بنایا گیا ہے، جس کا مقصد قانون سازی کے عمل کو مؤثر، شفاف اور تحقیقی بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید جمہوری تقاضوں کے مطابق پارلیمنٹ کی کارکردگی اسی وقت بہتر ہو سکتی ہے جب کمیٹیاں فعال ہوں اور تحقیق کو قانون سازی کا لازمی جزو بنایا جائے۔وفد کو پنجاب اسمبلی کے ایوان، کمیٹی رومز اور میڈیا گیلری کا معائنہ بھی کرایا گیا جبکہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران نے اراکین کو پارلیمانی روایات اور قانون سازی کے مراحل پر بریفنگ دی۔وفد کے اراکین نے کہا کہ اس اسٹڈی ٹور سے انہیں قانون سازی کے عملی پہلوؤں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا، جو ان کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا۔ سول سروسز اکیڈمی کے افسران نے سپیکر پنجاب اسمبلی اور اسمبلی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور مؤثر پارلیمانی رہنمائی فراہم کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔



