اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر )وفاقی حکومت نے ملک بھر میں بجلی کے صارفین کے لیے پری پیڈ میٹرنگ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صارفین بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی بجائے پری پیڈ کارڈ کے ذریعے بجلی استعمال کر سکیں گے۔پراجیکٹ کے مطابق صارفین اپنے پری پیڈ کارڈ میں بیلنس لوڈ کر کے بجلی استعمال کریں گے، اور کارڈ بیلنس ختم ہونے کی صورت میں بجلی کی فراہمی خودکار طریقے سے معطل ہو جائے گی۔ بجلی کی بحالی کے لیے صارف کو دوبارہ کارڈ میں بیلنس ڈالنا ہوگا، جس کے بعد سپلائی بحال کر دی جائے گی۔ترجمان کے مطابق پری پیڈ سسٹم متعارف کرانے کا مقصد صارفین کو ماہانہ بلوں کی ادائیگی کی جھنجھٹ سے نجات دلانا اور بجلی کے استعمال کو ضرورت کے مطابق منظم کرنا ہے۔ اس نظام سے صارفین بلنگ کی غلطیوں، اضافی بلوں اور تاخیر سے ادائیگی پر جرمانوں جیسے مسائل سے بھی بچ سکیں گے۔وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کے سربراہان کو مراسلہ جاری کر کے پری پیڈ میٹرنگ پراجیکٹ پر تجاویز طلب کر لی ہیں۔ کمپنیوں کی جانب سے رواں ماہ کے دوران تجاویز وفاق کو بھجوائی جائیں گی، جس کے بعد منصوبے کے حتمی خدوخال طے کیے جائیں گے۔



