کراچی (کامرس رپورٹر) ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق ستمبر 2025 میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آر ایل این جی کی درآمد میں کمی دیکھنے میں آئی۔رپورٹ کے مطابق ستمبر 2025 میں خام تیل کی درآمد ماہانہ 11.3 فیصد اور سالانہ 30.5 فیصد بڑھ کر 9 لاکھ 3 ہزار ٹن رہی، جس کی مالیت 11.50 فیصد اضافے سے 54 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی۔اسی ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ 7.20 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں حجم 6 لاکھ 52 ہزار 280 ٹن اور مالیت 21 فیصد اضافے سے 40 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔تاہم، رواں ماہ آر ایل این جی کی درآمد میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو 804 ایم ایم سی ایف ڈی رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ میں یہ مقدار 1005 ایم ایم سی ایف ڈی تھی۔آر ایل این جی کی درآمدی مالیت میں بھی 34 فیصد کمی کے ساتھ یہ 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک محدود رہی۔



