الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ انتخابات شہر کی 172 یونین کونسلز اور 641 وارڈز میں کرائے جائیں گے، جبکہ دسمبر میں ہونے والے ان انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔سرکاری اعلامیے کے مطابق ریٹرننگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر عوامی نوٹسز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی 13 سے 17 نومبر تک جاری اور وصول کیے جائیں گے، جب کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 18 نومبر کو شائع کی جائے گی۔کاغذات کی جانچ پڑتال 19 سے 24 نومبر تک ہوگی۔کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 28 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی، جن پر اپیلیٹ ٹریبونل کے فیصلے 3 دسمبر تک سنائے جائیں گے۔اس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 دسمبر کو اور حتمی فہرست بمع انتخابی نشانات 6 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات اتوار، 28 دسمبر کو منعقد ہوں گے۔



