لاہور (ڈیپارٹمنٹ رپورٹر) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ متحرک ہوگیا اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 62 املاک سربمہر کر دی گئیں۔ ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ کی ٹیموں نے خیابانِ جناح، پی آئی اے روڈ، جوہر ٹاؤن، مصطفی ٹاؤن اور فیصل ٹاؤن میں کارروائیاں کیں۔ ریکوری آپریشن کے دوران خیابانِ جناح، پی آئی اے روڈ اور جوہر ٹاؤن میں 37 املاک جبکہ مصطفی ٹاؤن میں 15 املاک سیل کی گئیں۔ مزید براں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر فیصل ٹاؤن میں 10 املاک کو سربمہر کیا گیا۔ سیل کی گئی املاک میں نجی اسکول، کلینک، جم، کلاتھ شاپ، پراپرٹی آفس، گراسری اسٹور، آٹو ورکشاپ، سیلون، فوڈ پوائنٹ، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر وَن اسدالزّمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے مطابق غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کو منظم ترقی یافتہ ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔



