لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے لاہور کے تاریخی ریلوے اسٹیشن کے اطراف کی شاہراہوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی کابینہ نے ریلوے اسٹیشن کے تین کلومیٹر کے دائرے میں شاہراہوں کی اپ لفٹنگ اور ری ویمپنگ منصوبے کی منظوری دے دی۔
یہ منصوبہ سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈی جی ایل ڈی اے کی جانب سے کابینہ اجلاس میں پیش کیا گیا، جس کا مقصد لاہور ریلوے اسٹیشن کے گرد و نواح میں شہری خوبصورتی، سفری سہولتوں اور ماحولیاتی معیار میں بہتری لانا ہے۔
منصوبے کے تحت اسٹیشن کے اردگرد کی سڑکوں، فٹ پاتھوں اور پیدل راستوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ جدید پارکنگ ایریاز، ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور انرجی ایفیشنٹ لائٹنگ نصب کی جائے گی، جب کہ گرین بیلٹس اور ماحولیاتی خوبصورتی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے میں اسٹیشن پارک ڈیولپمنٹ، منی ٹرین اور میوزیکل فاؤنٹین کے لیے آٹھ سو ملین روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ منصوبے میں سولر اسٹریٹ لائٹس، بنچز، شیلٹرز، جدید انفارمیشن بورڈز، واٹر ری سائیکلنگ سسٹم اور بارش کے پانی کے مؤثر استعمال کا نظام شامل ہوگا۔
اس کے علاوہ معذور افراد، بچوں اور بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی رسائی کے انتظامات بھی کیے جائیں گے۔لاہور ریلوے اسٹیشن کے بیرونی علاقوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا، تاکہ تاریخی ریلوے اسٹیشن کو ماحولیاتی طور پر خوبصورت، پائیدار اور شہری مرکز کے طور پر دوبارہ اجاگر کیا جا سکے۔



