لاہور (ڈیپارٹمنٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لاہور میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کی حکومتی کوششیں رنگ لانے لگیں۔ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں سال نومبر میں شہر کے فضائی معیار میں 30 فی صد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ماحولیاتی ڈیٹا کے مطابق نومبر 2024 میں 11 دن ایسے تھے جو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیے گئے تھے، جبکہ نومبر 2025 میں ان 11 دنوں میں بھی فضائی معیار خطرناک سطح سے نیچے رہا۔ رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ رواں سال نومبر میں ایک بھی دن صحت کے لیے خطرناک درجے میں ریکارڈ نہیں ہوا۔بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 565.2 رہا تھا، جب کہ رواں سال نومبر میں یہ کم ہوکر 259.6 پر آگیا، جو فضائی معیار میں قابلِ ذکر بہتری کا ثبوت ہے۔ سال 2025 کے نومبر میں ریکارڈ کیے گئے 18 میں سے 16 دنوں میں لاہور کا فضائی معیار گزشتہ سال کی نسبت بہتر درجے پر رہا۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے فضائی معیار میں نمایاں بہتری پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ “الحمدللہ، پنجاب حکومت کی لاہور کی فضا کو آلودگی سے پاک کرنے کی کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں۔ ماحول اور فضا کی آلودگی کم کرنے کے لیے تمام ٹیموں اور اداروں کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہتری صرف آغاز ہے، “اللہ کے فضل سے یہ بہتری دنوں سے مہینوں اور پھر سالوں تک پھیلے گی، اور ہم لاہور کو ایک صاف اور صحت مند شہر بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔



