نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 17 اور 18 نومبر 2025 کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے حکومت کے اجلاس (Council of Heads of Government – CHG) میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ بات وزارتِ خارجہ نے پیر کے روز جاری بیان میں کہی۔ اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر، جبکہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔وزارتِ خارجہ کے مطابق، رکن ممالک کے علاوہ منگولیا، بحرین، مصر، قطر، کویت اور ترکمانستان کے حکومتی سربراہان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس کے ساتھ مختلف بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں — بشمول CIS، EAEU، CSTO اور DSA — کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار خطے اور عالمی سطح پر درپیش اہم سیاسی و اقتصادی مسائل پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے، جبکہ تنظیم کو مضبوط بنانے اور خطے کی ترقی کے لیے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات کریں گے۔ SCO کا CHG اجلاس تنظیم کا دوسرا بڑا فیصلہ ساز فورم ہے جو اقتصادیات، تجارت، مالیات، رابطہ کاری، سماجی و معاشی تعاون اور بجٹ کے معاملات پر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اجلاس کے دوران مشترکہ اعلامیہ، بیانات اور اہم فیصلے بھی منظور کیے جائیں گے۔اس موقع پر اسحاق ڈار دیگر رکن ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔



