کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اکتوبر 2025 میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 37 فیصد اضافے کے ساتھ 27 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی، جو ماہانہ بنیاد پر 4 فیصد کمی کے باوجود سالانہ بنیاد پر 23 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔گزشتہ ماہ ستمبر 2025 میں FDI کا حجم 18 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا، جب کہ اکتوبر 2024 میں یہ سرمایہ کاری 14 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی تھی۔ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ (جولائی تا اکتوبر 2025) میں مجموعی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 26 فیصد کمی کے ساتھ 74 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں FDI ایک ارب 1 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر 2025 میں سب سے زیادہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری چین سے موصول ہوئی، جب کہ یو اے ای دوسرے اور ہانگ کانگ تیسرے نمبر پر رہے۔ ماہ کے دوران سرمایہ کاری کے سب سے بڑے حصے کا رخ پاور سیکٹر کی جانب رہا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ رحجانات کے پیش نظر مالی سال کے اختتام تک براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے 2 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔



