لاہور: پنجاب حکومت کی ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی اسکیم میں شہریوں کی غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے تحت صوبے بھر سے 28 ہزار سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرائیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے موصول ہونے والی درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے بعد اسکیم کی شفاف بیلٹنگ نومبر کے آخری ہفتے میں کی جائے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ای ٹیکسی اسکیم کے خواہشمندوں کا مکمل ڈیٹا بینک آف پنجاب کے حوالے کر دیا ہے۔حکام کے مطابق بیلٹنگ مکمل ہوتے ہی کامیاب درخواست گزاروں سے ڈاؤن پیمنٹ جمع کرانے کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔ ڈاؤن پیمنٹ جمع کروانے والے امیدواروں کو تین سے چار ماہ کے اندر الیکٹرک ٹیکسی فراہم کر دی جائے گی۔پنجاب حکومت نے مجموعی طور پر 1,100 الیکٹرک ٹیکسیز بلا سود اور آسان اقساط پر آپریشنل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو روزگار کی بہتر سہولت، کم لاگت سفری نظام اور ماحولیات کے تحفظ کو فروغ دینا ہے۔



