کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کوسٹ گارڈز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق گوادر کے علاقے پلّیری میں کارروائی کے دوران جھاڑیوں میں چھپائی گئی 1400 کلوگرام چرس، 105 کلوگرام کرسٹل (میتھ آئس)، 8 کلوگرام ہیروئن اور 6.5 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔کوسٹ گارڈز نے ایک اور کارروائی پیشوگان کے ساحلی راستے پسوگیپ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران گاڑی سے 476 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس قبضے میں لے لی۔ابتدائی اندازوں کے مطابق برآمد کی گئی منشیات سمندر کے راستے بیرونِ ملک اسمگل کی جانے والی تھی۔
ترجمان کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 13 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کے برابر ہے۔ کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ انسدادِ اسمگلنگ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے تاکہ ملک کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جا سکے



