لاس اینجلس اولمپکس 2028 (اسپورٹس ڈیسک) میں ایک صدی سے زائد عرصے بعد کرکٹ کو دوبارہ شامل کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے حالیہ اجلاس میں مردوں اور خواتین کے کرکٹ مقابلوں کے لیے مجوزہ کوالیفکیشن فارمولا پر تفصیلی غور کیا گیا ہے۔مجوزہ نظام کے تحت ہر کیٹیگری میں کل چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ان میں سے پانچ ٹیمیں مختلف براعظموں سے براہِ راست کوالیفائی کریں گی، جبکہ چھٹی ٹیم کا انتخاب ایک عالمی کوالیفائر ایونٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔آئی سی سی کے ایک رکن کے مطابق ہر براعظم — ایشیا، یورپ، افریقہ، اوشینیا اور امریکا — سے ایک ایک ٹیم کوالیفائی کرے گی، اور چھٹی ٹیم گلوبل کوالیفائر سے منتخب ہوگی۔موجودہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے لحاظ سے ممکنہ طور پر ایشیا سے بھارت، اوشینیا سے آسٹریلیا، یورپ سے انگلینڈ اور افریقہ سے جنوبی افریقہ اولمپکس میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ میزبان ملک کی حیثیت سے امریکا براہِ راست کوالیفائی کرے گا، تاہم اگر امریکا اپنی براعظمی پوزیشن کے تحت جگہ بناتا ہے تو ویسٹ انڈیز کو بھی موقع مل سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق آئی سی سی جلد اس فارمولے کی باضابطہ منظوری اور تفصیلات کا اعلان کرے گی۔ موجودہ نظام کے مطابق پاک–بھارت مقابلہ یقینی نہیں، کیونکہ دونوں ٹیموں کی شرکت ان کی علاقائی رینکنگ اور کوالیفکیشن نتائج پر منحصر ہوگی۔



