لندن (پولیٹیکل رپورٹر )ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی کانفرنس کاپ 30 کا آغاز 10 نومبر سے برازیل میں ہوگا جو 21 نومبر تک جاری رہے گی۔ کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پنجاب کی نمائندگی کریں گی، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز کانفرنس سے خطاب میں پنجاب حکومت کے 19 ماہ پر مشتمل “ویسٹ ٹو ویلیو، وژن ٹو گلوبل ایکشن” روڈ میپ پر روشنی ڈالیں گی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے صوبائی اقدامات عالمی سطح پر پیش کریں گی۔وہ پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں پر مبنی ٹرانسپورٹ، ستھرا و گرین پنجاب منصوبوں، سموگ کے خاتمے اور فضائی معیار میں بہتری کے لیے کیے گئے انقلابی اقدامات سے بھی آگاہ کریں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب تاریخ میں پہلی بار صوبے کے تمام شعبوں کو ماحول دوست بنانے کے مربوط منصوبے پیش کریں گی، جس میں 42 شہروں میں الیکٹرک بسوں کا آغاز, ایک لاکھ 20 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشے چلانے کا منصوبہ،1100 الیکٹرک ٹیکسیوں کا روڈ میپ،10 جدید ترین ڈیجیٹل ریل سسٹم کے اجرا کا منصوبہ اور پنجاب کو ٹی 30 وژن کے ماحولیاتی معیار کا صوبہ بنانے کا اعلان جیسے اقدامات شامل ہیں .یہ کانفرنس پنجاب کے ماحولیاتی اقدامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا اہم موقع ہے، جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملنے کی توقع ہے۔



