لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے "وزیراعلیٰ کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام” کو جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری کے لیے موصول سمری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
محکمہ ماحولیات و ماحولیاتی تبدیلی نے پروگرام کو مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کرنے کی تجویز دی تھی، جسے وزیراعلیٰ نے منظور کر لیا ہے۔ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں صوبے بھر کے نوجوان گریجویٹس کو ماحولیاتی تبدیلی (Climate Change)، ماحولیات اور پالیسی سازی کے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔ پنجاب حکومت کے مطابق یہ پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور پیدا کرنا اور انہیں عملی قیادت کی صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ماحولیاتی منصوبہ بندی، پالیسی ریسرچ اور فیلڈ ورک کے عملی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں سینکڑوں طلبا و طالبات اس انٹرن شپ پروگرام سے مستفید ہوئے اور انہیں ماحولیاتی ماہرین کے ساتھ کام کرنے کا قیمتی تجربہ حاصل ہوا۔ ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں پروگرام کو مزید اضلاع تک وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی تربیت حاصل کر سکیں۔



