لاہور ( کرائم رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس میں سال 2026 کا پہلا محکمانہ پروموشن بورڈ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) سے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) رینک پر ترقی کے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ میرٹ، سنیارٹی، قواعد و ضوابط پر مکمل طور پر پورا اترنے والے ڈی ایس پی افسران کو ہی ایس پی کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب عمران ارشد، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راؤ عبدالکریم، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان اور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا سمیت دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ محکمہ داخلہ، ریگولیشنز اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ترجمان نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے گذشتہ دنوں مختلف رینکس پر پروموشن بورڈز کا شیڈول جاری کیا تھا، جس کے مطابق جنوری کے دوسرے ہفتے میں ڈی ایس پی سے ایس پی رینک پر ترقیوں کے لیے یہ اجلاس طلب کیا گیا۔ توقع ہے کہ اس بورڈ سے متعدد اہل ڈی ایس پی افسران کو ترقی کا موقع ملے گا، جو محکمے کی کارکردگی اور افسران کے مورال کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔یاد رہے کہ سال 2026 میں ریٹائرمنٹس کی وجہ سے متعدد آسامیاں خالی ہونے کا امکان ہے، جس سے پروموشن کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے



