لاہور ( اسٹاف رپورٹر) – لاہور جنرل ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج 21 سالہ طالبہ فاطمہ کی صحت میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔ طبی ٹیم کے مطابق مریضہ کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے اور اب وہ خود سانس لے رہی ہیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق طالبہ فاطمہ کو آکسیجن سپورٹ فراہم کی جارہی ہے جبکہ ان کی ہیمو ڈائنامکس بھی مستحکم ہیں۔ مزید خوش آئند بات یہ ہے کہ فاطمہ مکمل ہوش میں آگئی ہیں اور ان کا جی سی ایس لیول 14/15 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وہ اپنے اہل خانہ سے بات چیت بھی کر رہی ہیں۔نیورو سرجیکل ٹیم مکمل طور پر متحرک ہے اور ریڑھ کی ہڈی کی ممکنہ سرجری سے متعلق کل دوبارہ اہم جائزہ لیا جائے گا۔دریں اثنا چیئرمین میڈیکل بورڈ پروفیسر جودت سلیم نے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل کو طالبہ فاطمہ کی موجودہ حالت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ پروفیسر جودت سلیم نے پرنسپل کو اب تک کے علاج کے عمل اور آئندہ کے طبی لائحہ عمل سے بھی مکمل آگاہ کر دیا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فاطمہ کی صحت یابی کی طرف پیش رفت مثبت ہے اور تمام ممکنہ طبی اقدامات جاری ہیں۔ شہریوں کی جانب سے طالبہ کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں



