لاہور اسٹاف رپورٹر ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اب شہر کے پارکس اور گراؤنڈز کی جدید سہولیات کے ساتھ بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عمل درآمد کا حصہ ہے، جن کا مقصد شہریوں کو بہتر تفریحی اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ اور اربن ڈویلپمنٹ بلال افضل یاسین نے ایم ڈی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور راجہ منصور احمد کے ہمراہ اندرون شہر کے متعدد پارکس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کریم پارک اور گول باغ (گول کراؤنڈ پارک) کی بحالی کے کام کا رسمی آغاز کیا گیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے وزیر کو بحالی کے ورکنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر بلال یاسین نے نہرو پارک، واپڈا گراؤنڈ اور میاں منشی ہسپتال کے قریب واقع گراؤنڈز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق پارکس میں اعلیٰ معیار کی لائٹنگ، اوپن جم، واکنگ ٹریکس اور مختلف اقسام کے پھولوں کی خیاتیں لگائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ گراؤنڈز میں کھیلوں کے لیے فلڈ لائٹس، نئی پچز اور کورٹس بھی تیار کی جائیں گی۔بلال یاسین نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں اور سیرو تفریح کے لیے جدید ترین سہولیات فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زیر زمین واٹر ٹینکس کی تکمیل کے بعد اب تمام پارکس کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد نے دورے کے دوران بتایا کہ شہر کے پارکس میں نہ صرف خوبصورت پھول لگائے جا رہے ہیں بلکہ رنگی برنگی لائٹس اور جدید سٹرکچرز بھی نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ لاہور کے پارکس عوام کے لیے زیادہ پرکشش اور مفید بن سکیں۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت لاہور میں زیر زمین واٹر ٹینکس کے منصوبے پر تیزی سے کام کر رہی ہے، جس کے مکمل ہونے سے بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے سبزے اور پارکس کی بحالی ممکن ہو رہی ہے۔ یہ اقدامات شہر کو مزید خوبصورت اور ماحول دوست بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہیں۔



