کوئٹہ (نیوز ڈیسک) – بلوچستان میں کم بی ٹی یو گیس فیلڈز پر کمرشل بنیادوں پر صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں قلعہ سیف اللہ کے علاقے مارگند اور سوئی کے زن گیس فیلڈ پر صنعتی پلانٹس لگانے کی تجاویز زیر غور آئیں۔ اجلاس کو فرٹیلائزر، سیمنٹ، توانائی اور سیرامکس انڈسٹری کے قیام کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں طے پایا کہ کم بی ٹی یو گیس سے متعلق منصوبوں کے لیے سرمایہ کار کمپنیوں سے ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EOI) طلب کیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ سرمایہ کار کمپنیاں صنعتی منصوبوں میں مقامی ہنرمند افراد کو روزگار میں ترجیح دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان صنعتی منصوبوں سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ صوبائی ٹیکس ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔حکومتی ذرائع کے مطابق یہ منصوبے بلوچستان کی صنعتی ترقی اور معاشی خودمختاری کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے



