خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الخوارج کے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہفتہ کو بیان میں بتایا۔
بیان کے مطابق آپریشن ایک معروف خفیہ ٹھکانے پر کیا گیا جہاں دہشت گرد سرگرم تھے۔ مقابلے کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں آٹھ خوارج دہشت گرد مارے گئے۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں گروہ کے ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔اسی دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران 17 دہشت گرد، جن میں تین اہم کمانڈر شامل ہیں، ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خطے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ منظم اور ہم آہنگ اقدامات کے ذریعے دہشت گردوں کی نقل و حرکت محدود کرنے، ان کے معاونت کاروں کے نیٹ ورکس توڑنے اور خوارج عناصر کی دوبارہ منظم ہونے کی صلاحیت کو ختم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ حکام ان جاری آپریشنز میں قابلِ ذکر کامیابیوں کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بچے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو بھی تلاش کرکے ختم کیا جاسکے۔ یہ کارروائیاں وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان کے ویژن "عزمِ استحکام” کا حصہ ہیں۔



