کراچی (اسٹاف رپورٹ) ـ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے شہر میں تیزی سے پھیلتی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت ترین کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل SBCA نے اپنے ہی محکمے کے ان افسران کے خلاف اعلیٰ سطح کی انکوائری شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے جو غیر قانونی تعمیرات کی پشت پناہی اور ملی بھگت کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ڈائریکٹر ویجلنس کی رپورٹ موصول ہونے کے فوراً بعد ڈی جی SBCA نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے خلاف فوری ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (آپریشن) کو بطور انکوائری آفیسر نامزد کر دیا گیا ہے۔ڈی جی SBCA کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق انکوائری کو مکمل طور پر شفاف، جامع اور بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے گا۔ تمام ملوث عناصر کی فوری نشاندہی کی جائے گی اور انکوائری رپورٹ جلد از جلد جمع کروائی جائے گی۔ رپورٹ موصول ہوتے ہی ذمہ دار افسران اور عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی جی SBCA نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں “زیرو ٹالرینس” پالیسی پر سختی سے عمل درآمد ہو گا۔ کسی بھی افسر یا اہلکار کو کوئی رعایت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن متوقع ہیں جبکہ اندرونی صفائی کا یہ عمل محکمے کی ساکھ بحال کرنے اور شہریوں کے اعتماد کو مضبوط کرنے کی طرف اہم قدم ہے۔شہریوں نے SBCA کے اس سخت گیر رویے کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس بار واقعی غیر قانونی تعمیرات کرنے والے گروہوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی۔
غیر قانونی تعمیرات کی وجوہات کراچی کی شہری منصوبہ بندی



