لاہور (خبر نگار) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں انتخابی مہم کا مقررہ وقت جمعرات کی رات بارہ بجے ختم ہو گیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اب کسی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت کی جانب سے انتخابی مہم چلانا قانوناً مکمل طور پر ممنوع ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق مہم کے اختتام کے بعد:الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا یا سوشل میڈیا پر انتخابی اشتہارات دینا جرم ہے
جلسے، جلوس، کونے کی میٹنگز یا عوامی اجتماعات منعقد کرنا غیر قانونی ہے۔حلقے میں ریلی یا اجتماع کی ترغیب دینا یا اس کی دعوت دینا بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور ہوگی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدوار یا کارکن پر دو سال قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں عائد کی جا سکتی ہیں۔دریں اثناء الیکشن کمیشن نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ حلقے کے ریٹرننگ آفیسر (آر او) کا دفتر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ میں قائم کر دیا گیا ہے۔ہفتہ 23 نومبر کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل پولنگ ہوگی۔ ووٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنا ووٹ ضرور استعمال کریں اور شناختی کارڈ ساتھ لے کر آئیں۔



