لاہور (خبر نگار) چوکی انڈسٹریل ایریا پولیس نے کاہنہ ٹی چوک پر سنیپ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا جس پر دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ایس پی کاہنہ سرکل اے ایس پی فصیح الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر ناجائز اسلحہ کے خلاف موثر کارروائیوں کے سلسلے میں تشکیل دی گئی ٹیم نے کارروائی کی۔ ملزمان نے اسلحہ گاڑی کی سیٹوں کے نیچے چھپا رکھا تھا۔پولیس نے ملزم وقار اور شاہزیب سے ایک رائفل، ایک پمپ ایکشن شاٹ گن اور متعدد گولیاں برآمد کیں۔ دونوں ملزمان کی حال ہی میں ہونے والی شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے انہیں نشانہ بنایا۔اے ایس پی فصیح الرحمٰن نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں ناجائز اسلحہ رکھنے اور نمائش کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شادی بیاہ سمیت کسی بھی خوشی کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش سے گریز کریں کیونکہ اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔



