لاہور ( اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 5 جنوری سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔کیمپ پاکستان سپورٹس بورڈ کی ہدایت پر اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں لگایا جائے گا۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے پی ایچ ایف سیکرٹری رانا مجاہد سے ملاقات کی جس میں کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور حتمی فہرست تیار کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق کیمپ کے لیے 25 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی جا چکی ہے جسے صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی کی منظوری کے بعد جلد اعلان کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے میں پاکستان ٹیم اپنے چار میچ آسٹریلیا میں کھیلے گی۔ لیگ کے پہلے مرحلے میں ارجنٹینا میں کھیلے گئے چاروں میچز میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ اس کیمپ کا مقصد ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا اور آسٹریلیا میں بہتر نتائج حاصل کرنا ہے۔



