کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش "فوڈ ایگ 2025” کا کایکسپو سینٹر کراچی میں باوقار افتتاح ہو گیا۔ چار روزہ اس عظیم الشان نمائش میں 350 سے زائد پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں جبکہ 80 سے زیادہ ممالک کے 800 سے زائد عالمی خریدار شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش میں غیر ملکی خریدار پاکستانی فروزن فوڈ، پروسیسڈ فوڈ، پھلوں کے جوس، دودھ کی مصنوعات، چاول، کھجور اور دیگر زرعی اجناس کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ فروزن فوڈ ایکسپورٹر شیخ تحسین احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چند سالوں میں پاکستان سے فروزن فوڈ کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای، امریکہ، کینیڈا اور یورپی ممالک پاکستانی پروسیسڈ فوڈ کی بڑی منڈیاں بن چکے ہیں۔ ایکسپورٹر شوکت سلیمان نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کا معیار عالمی معیار کے مطابق ہے اور ہر گزرتے سال کے ساتھ نئے ممالک ہماری مصنوعات درآمد کر رہے ہیں۔ فروٹ ایکسپورٹر وحید احمد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال پہلی بار پاکستان سے کھجور کا شیرہ (Date Syrup) عمان کو کامیابی سے ایکسپورٹ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستانی پھلوں کے جوس آسٹریلیا، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور متعدد یورپی ممالک کو برآمد ہو رہے ہیں۔ ایکسپورٹرز نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمرشل قونصلرز اور سفارتی عملہ حقیقی اور مستقل غیر ملکی خریداروں کو پاکستان لانے کے لیے فعال کردار ادا کرے تاکہ زرعی اور فوڈ سیکٹر کی برآمدات میں کئی گنا اضافہ ہو سکے۔ نمائش کے انعقاد سے نہ صرف کروڑوں ڈالرز کے نئے آرڈرز متوقع ہیں بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔



