بل کے ذریعے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ایکٹ 2014 میں ترمیم کی جائے گی۔ یہ بل حکومتی رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید نے ایوان میں پیش کیا۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئے امجد علی جاوید نے کہا کہ اس سے قبل پی ایچ ای سی کے چیئرمین کے لیے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں تھی اور کوئی بھی شخص چاہے تو سو سال تک بھی اس عہدے پر فائز رہ سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پی ایچ ای سی کے موجودہ چیئرمین کی عمر 75 سال ہے۔ قدرت کا ایک نظام ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ انسان کے اعضا کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں، اس لیے ایک بڑے ادارے کو چلانے کے لیے عمر کی حد مقرر کرنا ناگزیر ہے۔
امجد علی جاوید نے مزید کہا کہ کچھ لوگ خود کو ناگزیر سمجھتے ہیں، حالانکہ قبرستان ناگزیر لوگوں سے بھرے پڑے ہیں اور نظام چلتا رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں باصلاحیت اور ٹیلنٹڈ نوجوان موجود ہیں جنہیں آگے آنے اور ذمہ داریاں سنبھالنے کا موقع ملنا چاہیے۔
ایوان نے ترمیمی بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے، جس کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔



