پنجاب کی مساجد کے امام صاحبان کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں امام مسجد اعزازیہ پروگرام کی آخری قانونی رکاوٹ بھی ختم ہو گئی ہے۔ امام مسجد صاحبان کو باقاعدہ اعزازیہ ادائیگی کے لیے قانونی فریم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امام مسجد صاحبان کے اعزازیہ کی ادائیگی کے لیے بینک آف پنجاب کے ساتھ اسٹینڈرڈ لیگل ایگریمنٹ کی پنجاب کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امام مسجد صاحبان کو اعزازیہ دینے کے پروگرام کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
منظور شدہ پروگرام کے تحت امام مسجد صاحبان کو بذریعہ بینک آف پنجاب ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ ادا کیا جائے گا، جبکہ امام مسجد اعزازیہ پروگرام کا مجموعی حجم 20 ارب روپے سے زائد ہوگا۔
یہ سمری ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پنجاب کابینہ کو ارسال کی گئی تھی، جسے پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے منظور کیا۔ قانونی فریم ورک کی تکمیل کے بعد اب امام مسجد صاحبان کو اعزازیہ کی ادائیگی کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور پروگرام پر جلد عملی عملدرآمد متوقع ہے۔



