ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں دبئی میں ہونے والے اجلاس میں ایشیا میں کرکٹ کے فروغ اور مضبوطی کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں انڈر 19 ایشیا کپ کے کامیاب انعقاد کو سراہا گیا اور ٹورنامنٹ کے بہترین انتظامات پر ایشین کرکٹ کونسل کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔ محسن نقوی نے ایونٹ کی کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایشیائی کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایشیا میں جدید ہائی پرفارمنس سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ خطے میں کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ یہ مراکز خاص طور پر ان ممالک کے لیے ہوں گے جہاں جدید کرکٹ انفراسٹرکچر کی کمی ہے۔ان ہائی پرفارمنس سینٹرز میں نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات اور تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو نکھارا جا سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ مراکز مرحلہ وار قائم کیے جائیں گے اور ان کا مقصد پورے خطے میں نوجوان کھلاڑیوں کو یکساں تربیتی مواقع فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں شریک اہم شخصیات میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام، افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میرویس اشرف، ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مبشر عثمانی سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔ایشین کرکٹ کونسل کے ان فیصلوں کو ایشیا میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔



