وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس سکیورٹی کی 27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملکی سلامتی، صوبائی ترقی، گڈ گورننس اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں حکومت پنجاب کے حالیہ عوامی ریلیف اقدامات اور پراجیکٹس سے آگاہ کیا۔
مریم نواز شریف نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند کیا”، جبکہ پنجاب میں بہتر گورننس، شفافیت، میرٹ اور موثر فیصلہ سازی کیلئے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں سموگ کنٹرول کیلئے مسلسل محنت کی گئی، زگ زیگ بھٹوں، فصلوں کی باقیات پر کنٹرول اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار فصلیں جلانے کے اثرات لاہور کی فضا پر پڑتے ہیں، تاہم پنجاب میں ایئر کوالٹی مانیٹرنگ فورس مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ "پنجاب میں میرٹ کی خلاف ورزی نہیں ہونے دی، سیاسی بنیادوں پر کوئی بھرتی نہیں کی گئی، اگر کسی نے سفارش کا الزام ثابت کر دیا تو استعفیٰ دے دوں گی”۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپ لیول پر کرپشن ختم ہو چکی ہے اور پانچ سال میں پنجاب مکمل طور پر کرپشن فری ہو جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں 1650 سڑکوں پر تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے، ای ٹینڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے بچائے گئے۔ صحت کے شعبے میں جدید برن ہسپتال، آرتھوپیڈک ہسپتال اور پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بھی بنایا جا رہا ہے۔ ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے گولڈن آور میں درجنوں جانیں بچائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک آگئی ہے، جس سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملا ہے۔ زرعی شعبے کی مکمل میکانائزیشن، لائیوسٹاک میں تین لاکھ مویشیوں کا اضافہ اور صنعتی ترقی کے لیے اکنامک زونز کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ گارمنٹس سٹی پراجیکٹ بھی مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "کہتے تھے بیٹی آتی ہے تو گھر چمکاتی ہے، پنجاب میں دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام شروع کیا ہے”۔ پنجاب میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے جدید اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ اسکولوں اور کالجز کو ڈرگ فری بنانے کا پروگرام بھی جاری ہے۔
نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے پنجاب میں فلاحی اقدامات، شفاف گورننس اور تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کی تعریف کی، جبکہ وفد کے سربراہ نے شاندار میزبانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔



