لاہور (نمائندہ خصوصی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے 27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کے وفد نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں سول و عسکری افسران، پارلیمنٹیرینز، صحافیوں اور دانشوروں سمیت 90 سے زائد افراد شامل تھے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے شرکاء کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے عوامی فلاح، صحت، تعلیم، زراعت، ماحولیات اور گڈ گورننس کے تاریخی اقدامات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ شرکاء نے سوالات کیے جن کے وزیراعلیٰ نے کھل کر اور مدلل جوابات دیے۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی کے بعد پاکستان آج دنیا کے ہر فورم پر سرخرو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ ڈھائی سالوں میں بہت کچھ کیا گیا ہے اور ابھی بہت کچھ ہونا باقی ہے۔مریم نواز نے شفافیت، میرٹ اور احتساب کو اپنا نصب العین قرار دیتے ہوئے کہا کہ “کوئی یہ ثابت کر دے کہ میں نے کسی کی سفارش کی ہے تو میں فوراً استعفیٰ دے دوں گی”۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سیاسی بنیادوں پر ایک بھی بھرتی نہیں کی گئی اور ٹاپ لیول پر کرپشن اب ناممکن ہے۔سموگ کنٹرول، ماحولیاتی تحفظ اور سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں ماحولیات کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سموگ گن، زگ زیگ ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور بھٹوں کی جدید کاری سے ایئر کوالٹی میں واضح بہتری آئی ہے۔انہوں نے صحت کے شعبے میں جاری انقلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایئر ایمبولنس سروس سے درجنوں قیمتی جانیں بچائی گئیں، 7 ہزار سے زائد بچوں کی مفت دل کی سرجریاں ہو چکی ہیں، پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور جدید برن سنٹرز بن رہے ہیں۔زراعت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں زراعت کو مکمل میکانائز کیا جا رہا ہے اور تین لاکھ مویشی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم سرکاری طور پر نہ خریدنے کے باوجود پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی، آٹا اور گندم کے نرخ نہیں بڑھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہنگائی 40 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک آ گئی ہے، سبزی، روٹی اور آٹا سستا ہونے سے غریب کا چولہا آسانی سے جل رہا ہے۔ انہوں نے 30 ہزار کلومیٹر سڑکیں، ای-ٹینڈرنگ سے اربوں روپے کی بچت، گارمنٹس سٹی اور اکنامک زونز کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن، شفافیت اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ وفد کے سربراہ نے شاندار میزبانی اور کھل کر بات چیت پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے پنجاب حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کو “تاریخی اور قابلِ تقلید” قرار دیا۔



