لاہور (اسٹاف رپورٹر) این اے 129 کے ضمنی انتخاب میں سیاسی درجۂ حرارت دن بدن بڑھتا جارہا ہے جبکہ پاک ڈیجیٹل نیوز کو موصول ہونے والی خفیہ سروے رپورٹ نے مقابلے کی موجودہ صورتحال واضح کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ میاں محمد نعمان نے سروے میں اپنے حریفوں پر واضح برتری حاصل کرلی ہے اور وہ 9 فیصد کی سبقت کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ خفیہ سروے حلقے کی تمام 29 یونین کونسلز میں مسلسل ایک ہفتہ تک روزانہ کی بنیاد پر کرایا گیا۔ ہر یونین کونسل میں یومیہ 110 ووٹرز کی رائے لی گئی اور ان کا نام و پتہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی طور پر 22 ہزار ووٹرز نے اس سروے میں حصہ لیا۔ خفیہ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ میاں محمد نعمان پہلی پوزیشن پر،پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری ارسلان دوسری پوزیشن پر جبکہ آزاد اور مقامی امیدوار بجاش خان نیازی تیسرے نمبر پر رہے .ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔سروے میں مرد ووٹرز کی اکثریت نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دینے کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ نوجوان ووٹرز نے زیادہ تر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ چودھری ارسلان اور بجاش خان نیازی کی حمایت میں رائے دی۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق حلقے میں انتخابی مہم تیز ہونے کے ساتھ ساتھ مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ہے، تاہم موجودہ سروے نتائج مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے حق میں بہتر فضا کی نشاندہی کرتے ہیں



