کراچی (اسٹاف رپورٹ) ـ پاکستان میں یونیسف کی قومی پولیو ٹیم کی سربراہ میلیسا کورم (Melissa Corkum) نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے ملاقات کی اور شہر میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔کمشنر کراچی نے ملاقات کے دوران بتایا کہ چیف سیکرٹری سندھ کی خصوصی ہدایت پر شہر میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے افسران، منتخب نمائندوں اور متعلقہ محکموں پر مشتمل ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جو مسلسل فیلڈ میں متحرک ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام سپر ہائی رسک یونین کونسلوں کو خصوصی طور پر انٹرونشن کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ رہ جانے والے اور ویکسین سے انکار کرنے والے بچوں تک رسائی کے لیے ٹارگٹڈ مائیکرو پلانز پر عمل درآمد جاری ہے، جس کے نتیجے میں انکار کرنے والے کیسز کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے۔کمشنر کراچی نے پولیو ورکرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے فیلڈ ورکرز کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کا تعاون بھی بڑھ رہا ہے اور والدین کی طرف سے مثبت ردعمل مل رہا ہے۔یونیسف کی سربراہ میلیسا کورم نے کراچی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور پولیو کے خاتمے کے لیے یونیسف کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔دونوں فریقین نے عزم ظاہر کیا کہ مشترکہ اور مربوط کوششوں سے کراچی کو جلد پولیو فری زون بنایا جائے گا۔



