پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وضاحت کی ہے کہ پی ایس ایل کی آئندہ دو نئی فرنچائزز کے ناموں کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
حالیہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فیصل آباد اور گلگت کو پی ایس ایل 11 میں شامل کی جانے والی ممکنہ نئی ٹیموں کے لیے چُنا جا چکا ہے، تاہم بورڈ نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے۔پی سی بی کے مطابق نئی ٹیموں کے لیے شہروں کے ناموں کا ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔بورڈ کا کہنا ہے کہ فرنچائزز کی نیلامی کے عمل میں شامل بولی دہندگان کو کل چھ شہروں کے نام فراہم کیے گئے ہیں، اور کامیاب بولی دینے والی پارٹی کو اختیار ہوگا کہ وہ انہی شارٹ لسٹ شہروں میں سے اپنی ٹیم کا نام منتخب کرے۔پی سی بی کی جانب سے پہلے ہی چھ شہروں فیصل آباد، گلگت، سیالکوٹ، حیدرآباد، راولپنڈی اور مظفرآباد کو ممکنہ آپشن کے طور پر شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔بورڈ نے بتایا کہ عالمی سطح پر فرنچائز خریداری کے لیے پیشکشیں طلب کی گئی ہیں جبکہ ٹیکنیکل پروپوزل جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر ہے۔



