وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ماحول دوست اصلاحاتی اقدامات کی کھل کر تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ایک خصوصی خط لکھا ہے جس میں اینٹوں کے بھٹوں کو جدید طرز پر منتقل کرنے کے تاریخی قدم کو سراہا گیا ہے۔عظمٰی بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے بھٹہ صنعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بچوں و مزدوروں کی جبری مشقت کے خاتمے کے لیے غیر معمولی اور جرات مندانہ اقدامات کیے ہیں، جنہیں عالمی سطح پر بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی جانب سے اینٹوں کے بھٹوں کو جدید بنانے کا ماڈل نہ صرف خطے میں ایک مثال بن چکا ہے بلکہ ماحولیاتی بہتری اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز بھی اس اقدام کو سراہ رہے ہیں۔



