لاہور (ہیلتھ رپورٹر) بچوں کے عالمی دن کے موقع پر صوبائی وزیرِ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن بچوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور ان کے روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند اور محفوظ بچے ہی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، اس لیے بچوں کی صحت، تعلیم اور تحفظ کو اولین ترجیح دینا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہر بچے کو معیاری صحت کی سہولیات، متوازن غذا اور محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت کا عزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت و آبادی حفاظتی ٹیکہ جات، ماں اور بچے کی صحت کے پروگراموں اور غذائیت کے منصوبوں کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کو بیماریوں، تشدد اور استحصال سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند، تعلیم یافتہ اور محفوظ بچہ ہی مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے بچوں کا حقیقی محافظ بننے کی توفیق عطا فرمائے۔



