اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئیں، جہاں وہ سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن (CAREC) ممالک کے ساتھ کاروبار سے کاروبار (B2B) معاہدوں کی نگرانی اور خطے میں ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کے لیے ملاقاتیں کریں گی۔ اس حوالے سے وزارت آئی ٹی نے بیان جاری کیا۔وزیر موصوفہ بشکیک پہنچنے سے قبل باکو میں ہونے والی ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن ڈیولپمنٹ کانفرنس میں شرکت کرچکی ہیں، جہاں ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل کے حوالے سے اہم مباحثے ہوئے۔ CAREC ایک علاقائی تعاون کا پلیٹ فارم ہے جس میں 11 ممالک شامل ہیں۔ اس کا مقصد خطے میں اقتصادی ترقی اور غربت میں کمی لانا ہے۔ رکن ممالک میں پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، چین، جارجیا، قازقستان، کرغزستان، منگولیا، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ “وفاقی وزیر پاکستانی کمپنیوں اور CAREC ممالک کے درمیان B2B مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گی۔”بیان میں مزید بتایا گیا کہ شزا فاطمہ CAREC وزارتی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں بھی شریک ہوں گی، جہاں وہ “سافٹ انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی” کے موضوع پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گی۔
وزارت نے کہا کہ وزیر موصوفہ اپنے خطاب میں علاقائی ڈیجیٹل تعاون، اسمارٹ کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل انضمام کی اہمیت کو اجاگر کریں گی۔دورے کے دوران وفاقی وزیر ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے صدر سے بھی ملاقات کریں گی، جس میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال ہوگا۔ پاکستان حالیہ مہینوں میں سعودی عرب اور چین سمیت خطے کے اہم اتحادیوں کے ساتھ ڈیجیٹل تعاون اور رابطوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن کانفرنس کے دوران شزا فاطمہ نے چین کے ساتھ 5G/6G، ہارڈویئر مینوفیکچرنگ اور آئی سی ٹی کمپوننٹس میں مشترکہ منصوبوں کی تجویز بھی پیش کی۔



