لاہور ۔( سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر "روشن لاہور” مہم کے تحت شہر بھر میں سڑک لائٹس کی بحالی اور مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر لاہور مریم خان نے بدھ کی رات برکت مارکیٹ سے فیصل ٹاون اور جناح ہسپتال تک کئی اہم پوائنٹس کا تفصیلی فیلڈ جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، ایڈمنسٹریٹر ماڈل ٹاون اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ہر لائٹ پوائنٹ کا خود معائنہ کیا اور خراب پولز کی فوری مرمت کے احکامات جاری کیے۔ دورے کے اختتام پر تمام چیک کیے گئے پوائنٹس پر لائٹس مکمل طور پر روشن پائی گئیں۔کمشنر مریم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ روشن اور صاف ستھرا لاہور شہریوں کا بنیادی حق ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راﺅنڈ دی کلاک آپریشن جاری رہے گا اور مرمت کا کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر لاہور کے مختلف علاقوں کے دورے کیے جائیں گے، مسلسل مانیٹرنگ ہوگی اور ضلعی انتظامیہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور تمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں گے۔ روڈ لائٹس کی بحالی کو مستقل فیچر بنایا جا رہا ہے اور فیلڈ ٹیمیں 24 گھنٹے ڈیوٹی دیں گی۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے "روشن لاہور” اور "صاف ستھرا لاہور” کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات قرار دے رکھا ہے۔ شہر بھر میں ہزاروں خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور نئی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ شہریوں کو تاریکی اور جرائم سے تحفظ مل سکے ۔



