سری لنکا کے خلاف تین۔صفر سے سیریز جیتنے کے بعد پاکستانی اسپنر ابرار احمد آئی سی سی ون ڈے بولرز رینکنگ میں 11 درجے ترقی پاکر نویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ابرار کی شاندار کارکردگی سیریز میں پاکستان کی کامیابی کا اہم سبب رہی۔اسی طرح فاسٹ بولر حارث رؤف کی درجہ بندی میں بھی نمایاں بہتری ہوئی ہے، جو پانچ درجے ترقی کے بعد 23ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ دونوں بولرز نے سیریز میں شاندار کردار ادا کیا، جب کہ ان کی بہترین کارکردگی کے سبب دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔بیٹنگ کے شعبے میں بھی پاکستان کے کھلاڑیوں نے پیش رفت دکھائی۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پانچ درجے ترقی کے ساتھ 22ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ فخر زمان بھی پانچ درجے بہتری کے بعد 26ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔اگرچہ افغانستان کے راشد خان بدستور ون ڈے بولرز رینکنگ میں سرفہرست ہیں، تاہم سری لنکا کے خلاف سیریز میں پاکستان کی کارکردگی نے متعدد کھلاڑیوں کو رینکنگ میں نمایاں مقام دلایا۔ادھر ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ زمبابوے اور سری لنکا کے ساتھ جاری ٹرائی سیریز کے آغاز پر آل راؤنڈر محمد نواز نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے زمبابوے کے خلاف میچ میں 21 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز اور دو وکٹوں کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کارکردگی کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی بولرز میں چار درجے ترقی کے ساتھ 27ویں پوزیشن اور آل راؤنڈرز میں دو درجے بہتری کے بعد آٹھویں نمبر پر آگئے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں بھارتی کپتان روہت شرما کی طویل حکمرانی اختتام پذیر ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میں شاندار سنچری نے مچل کو رینکنگ میں سرفہرست کر دیا۔



