راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر )سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ عدالت کے واضح حکم کے باوجود انہیں عمرہ کے لیے سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
راولپنڈی بینچ لاہور ہائی کورٹ (LHC) کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ انہوں نے جسٹس صداقت علی خان کی عدالت میں ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس پر عدالت نے پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
ان کے مطابق کیس کی سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے، جبکہ ان کے وکیل سردار عبدالرزاق نے تمام آئینی تقاضے پورے کر دیے ہیں۔شیخ رشید نے میڈیا کو بتایا کہ دورانِ سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ "ایک شخص جو سترہ مرتبہ وزیر رہ چکا ہے، اسے عمرہ سے روکا جا رہا ہے۔” انہوں نے کہا کہ کیس کی حتمی رپورٹ آئندہ منگل کو عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔



