تہران (اسٹاف رپورٹر )ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کا نظام معطل کر دیا ہے۔ تہران کے سفارت خانے نے پیر کے روز اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اس فیصلے کی باضابطہ تصدیق کی اور بتایا کہ یہ معطلی 22 نومبر سے نافذ العمل ہوگی۔
سفارت خانے کے مطابق، “بھارتی شہریوں کے لیے یک طرفہ ویزا چھوٹ کے نفاذ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اب عام پاسپورٹ رکھنے والے بھارتی شہریوں کو ایران میں داخلے یا ٹرانزٹ کے لیے ویزا حاصل کرنا ہوگا۔”
فروری 2024 میں ایران نے اعلان کیا تھا کہ بھارتی شہری ہر چھ ماہ میں ایک بار بغیر ویزا کے 15 دن تک ایران کا دورہ کر سکیں گے، تاہم اس مدت میں توسیع کی اجازت نہیں ہوگی۔ رپورٹس کے مطابق، اس فیصلے سے ایران کا سفر کرنے والے بہت سے بھارتی شہریوں، خصوصاً قم اور مشہد جانے والے زائرین کے منصوبوں پر اثر پڑے گا۔ ایران بھارت سے یورپ یا وسطی ایشیا جانے والے مسافروں کے لیے بھی ایک سہل ٹرانزٹ پوائنٹ سمجھا جاتا رہا ہے، جبکہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے شیعہ زائرین عراق کے مقدس شہروں تک پہنچنے کے لیے ایران کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔سرکاری سطح پر ایرانی وزارتِ خارجہ نے ویزا فری انٹری معطلی کی وجوہات پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ تاہم بھارتی ذرائع کے مطابق، حالیہ واقعات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا جہاں متعدد افراد کو جعلی ملازمتوں کے جھانسے میں ایران لایا گیا اور بعد میں انہیں تیسرے ملک بھیج دیا گیا۔



