لاہور (اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر عظمی بخاری نے کہاہے کہ کالعدم جماعت کو فنانس کرنے والے 90 فنانسرز کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے پر 31 مقدمات قائم کیے گئے ہیں
ڈی جی پی آر میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی کے دوران اس تنظیم سے جدید اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس اور بڑی تعداد میں شیلز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 84 فیصد آئمہ کرام کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے اور آئندہ چند روز میں یہ عمل 100 فیصد تک پہنچ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہمیشہ آئمہ کرام کے کردار کو سراہا ہے، جنہیں ماضی میں ان کے مقام کے مطابق عزت اور تکریم نہیں دی گئی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے پانچ وفاق المدارس کو بھی آن بورڈ کر لیا ہے اور بہت جلد صوبے بھر میں مدارس کی باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ صوبے میں وال چاکنگ پر مکمل پابندی ہے اور کسی کو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صرف تین ہفتوں میں پنجاب سے 6 ہزار 220 افغان مہاجرین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا ہے۔ یہ ممکن نہیں کہ دہشت گرد پنجاب سے بھاگ کر دوسرے صوبوں میں پناہ لے لیں، لہذا اس معاملے کو وفاقی حکومت اور ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت کم افغان شہری اب پنجاب میں موجود ہیں، جن لوگوں نے افغان باشندوں کو گھروں میں پناہ دی تھی ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے متعدد اضلاع—جن میں جہلم، چکوال، اٹک، پاکپتن، خوشاب اور بہاولپور شامل ہیں—میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں 70 سے 90 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خواتین پر تشدد یا جرائم کے کیسز میں ڈرون سرویلنس کے استعمال کی منظوری بھی دے دی ہے۔



