لاہور (کرائم رپورٹر) — پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات کا سلسلہ جاری رہا جس میں ریسکیو 1122 نے 1130 حادثات میں ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ ان حادثات میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 1318 افراد زخمی ہوئے۔ترجمان ریسکیو فاروق احمد کے مطابق صوبے بھر میں 542 شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں 1092 مرد اور 226 خواتین شامل ہیں۔سب سے زیادہ حادثات صوبائی دارالحکومت لاہور میں پیش آئے جہاں 212 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ لاہور کے بعد ملتان میں 79 اور فیصل آباد میں 73 حادثات ہوئے۔لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 237 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 91 شدید زخمی تھے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 145 کو موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی۔حادثات میں ملوث گاڑیوں کی تفصیلات کے مطابق 1165 موٹرسائیکل، 154 کاریں اور 79 رکشے شامل تھے۔ترجمان ریسکیو نے کہا کہ تیز رفتاری، لاپرواہی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اس وقت حادثات کی سب سے بڑی وجوہات ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور مقررہ رفتار کی پابندی کریں تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔



