کراچی (کامرس رپورٹر )اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر خسارے میں رہا۔اس سے قبل ستمبر 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ 8 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سرپلس میں تھا۔گزشتہ سال کے مقابلے میں بھی صورتحال کمزور رہی، کیونکہ اکتوبر 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ 29 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 73 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے انہی 4 ماہ میں خسارہ 20 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا۔
ماہرین کے مطابق درآمدی بل بڑھنے کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں اضافہ ہوا ہےتاہم بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر نے مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ کو قابو میں رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔



